• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، مسجد کی شہادت پر اترا کھنڈ میں کشیدگی، کرفیو نافذ، فائرنگ سے 5 شہید

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست اترا کھنڈ میں مسجد اور مدرسے کو شہید کرنے کیخلاف احتجاج ، مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ ، 5مسلمان شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ، واقعہ ریاست کے ضلع ہندوانی میں پیش آیا، علاقے میں کرفیو نافذ، مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مارنےکا حکم ، ریاست بھر میں ہائی الرٹ، کشیدگی اور پھیلتے تشدد کے پیش نظر انٹرنیٹ سروسز اور تمام اسکول بھی بند کر دیئے گئے، واقعہ ضلع ہلدوانی میں پیش آیا جہاں ایک مسجد اور اس سے ملحق مدرسے کو شہید کرنے پر احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، مظاہرین پر فائرنگ کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑا اور حالات انتہائی کشیدہ بتائے جا رہے ہیں، ریاستی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد اور مدرسہ غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے تھے جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسجد دو دہائی قبل تعمیر کی گئی تھی جبکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود اسے ناجائز طور پر شہید کردیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ حکومت کا کہنا ہے کہ پوری ریاست میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرہلاد مینا نے بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مدرسہ اور مسجد غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کی تعمیل میں پولیس اور صوبائی آرمڈ کانسٹیبلری (پی اے سی)کے اہلکاروں کی بھاری موجودگی میں انہدامی کارروائی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا، ʼʼجیسے ہی مسماری شروع ہوئی، خواتین سمیت مشتعل رہائشی بڑی تعداد میں سڑکوں پر آ کر اس کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔ ہجوم نے پولیس کی کار سمیت کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی جس سے کشیدگی بڑھ گئی۔ دیر شام تک بم بھول پورہ پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی گئی۔ اس کے بعد میں ضلع مجسٹریٹ نے دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کیا۔‘‘

اہم خبریں سے مزید