• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹ توقعات سے کم ملے وجہ مہنگائی، جس کے ذمہ دار ہم نہیں، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہمیںتوقعات سےکم ووٹ ملے پہلی وجہ مہنگائی ہے،جس کے ہم ذمہ دار نہیں، لیکن ہم لوگوں کو یہ بتانے میں سو فیصد کامیاب نہیں ہوئے.

دوسری وجہ نواز شریف کی تاخیر سے واپسی نے ن لیگ کی سیاست کو پنجاب میں متاثر نہیں کیا ہم نے اس کو بہت اچھے طریقے سے مینج کیا ،پی پی فیصل کریم کنڈی نے کہا میرا ذاتی خیال ہے کہ اگر ن لیگ سے اتحاد بنتا ہے تو وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونا چاہئیں اگر ایسا نہیں ہوتا تو پیپلز پارٹی اپوزیشن میں بیٹھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، ابھی کوئی چیز یقینی نہیں ہے،یپلز پارٹی کے بغیر اس وقت کوئی بھی حکومت سازی نہیں کرسکتا، ہم نے16 ماہ ن لیگ کو وزارت عظمیٰ کا موقع دیا اب ہمارا حق بنتاہے ہمیں موقع دیں۔

دونوں جماعتیں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بناسکتیں، بلاول بھٹو کو ہی وزیراعظم ہونا چاہئے، ہمارے لوگوں سے رابطے ہیں بہت جلد کچھ لوگ پیپلز پارٹی کو جوائن کررہے ہیں۔ 

سینئر صحافی و تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ الیکشن کے نتائج اب تقریباً مکمل ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی کے بغیر نہ ن لیگ وفاق میں حکومت بناسکتی ہے نہ ہی تحریک انصاف حکومت بناسکتی ہے، پیپلز پارٹی اہم کردار ادا کریگی، صوبوں میں پوزیشن کافی حد تک واضح ہے.

 ن لیگ کی پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت ہے انکے137 امیدوار انتخابات جیتے ہیں،22 آزاد ارکان جن کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اگر وہ ن لیگ میں شامل ہوجائیں تو ن لیگ پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیگی، سندھ میں پیپلز پارٹی کی سادہ اکثریت ہے وہ باآسانی حکومت بنالے گی.

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی تعداد83 ہے وہاں پی ٹی آئی حکومت بنالے گی، بلوچستان میں کسی جماعت کی واضح اکثریت نہیں کون حکومت بنائے گا یہ بڑا دلچسپ ہوگا۔ 

ڈین بوسٹن یونیورسٹی،عادل نجم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2024ء کے انتخابات کے بعد ہم ایک بار پھر نازک موڑ پر ہیں۔نیا ووٹر الیکشن میں اپنا کردا ادا کرے گا اور اس الیکشن میں ہمیں یہ نظر آیا ہے۔

اس وقت یہ لگتا ہے کہ پی ٹی آئی نے دوسری جماعتوں کی نسبت نوجوان طبقے کو بہت زیادہ متحرک کیا۔امریکا میں پاکستانی الیکشن کو تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ۔یہ بیانیہ بن گیا ہے کہ پاکستان کے الیکشن پوری طرح شفاف نہیں ہیں۔

اہم خبریں سے مزید