• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت اور یو اے ای میں تجارتی راہداری کے فریم ورک معاہدے پر دستخط

کراچی (جنگ نیوز)بھارت اور متحدہ عرب امارات نے تجارتی راہداری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد یورپ کو مشرق وسطیٰ کے کچھ حصوں کے ذریعے سمندر اور ریل کے ذریعے بھارت سے جوڑنا ہے، اس حوالے سے فریم ورک کے معاہدے کا اعلان وزیراعظم نریندرمودی کے خلیجی ریاستوں کے دورے کے دوران ہوا۔ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اگرچہ اس معاہدے پرہونے والے اتفاق رائے کی کچھ ہی تفصیلات منظر عام پر لائی گئی ہیں۔ البتہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تعاون گزشتہ مفاہمت اور تعاون کی بنیاد پر ہوگا اور بھارت و متحدہ عرب امارات علاقائی ارتباط بڑھانے کےلیے تعاون بڑھائیں گے۔ راہداری کے اس منصوبے کو امریکا اور یورپی یونین کی حمایت حاصل ہے اور اس کا اعلان نئی دہلی میں ہونے والے جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے موقع پر علیحدہ سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا جس کامقصد بھارت کو بحیرہ عرب کے ذریعے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سے منسلک کرتے ہوئے اردن اور اسرائیل کے راستے سے یورپ کو منسلک کرنا تھا تاہم بھارتی دفتر خارجہ کے بیان میں کسی تیسرے ملک کا نام نہیں لیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے مڈل ایسٹ مانیٹر نامی جریدے کی جانب سے بھیجے گئے سوالات پر تاحال اس کےمتعلق کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ مودی نے یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان سے ملاقات کی جو کہ متعدد برتبہ بھارتی رہنما مودی کو اپنا بھائی قراردے چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید