کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ،ن لیگ کو حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں ملا تو کس کو ملا ہے اس وقت حکومت بنانا مسلم لیگ ن کے نہیں پاکستان کے مفاد میں ہے مولانا فضل الرحمٰن سمجھتے ہیں ان کے ساتھ دھاندلی ہوئی ہے تو الیکشن ٹریبونل چلے جائیں ،تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان کے بغیر نہ پارلیمان چلے گی نہ ہم چلنے دیں گے، عمران خان کے بغیر نہ جمہوریت چلے گی نہ ریاست چلے گی عمران خان کہہ چکے ہیں کہ مینڈیٹ چرانے والوں سے بات نہیں ہوگی، صدر مملکت پی ٹی آئی کو کہیں کہ آپ کو عددی اکثریت حاصل ہے آپ حکومت بنائیں، ہم حکومت بنانے کے قریب آچکے ہیں،سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ انتخابات کا جو نتیجہ آیا وہ اسٹیبلشمنٹ کیلئے چیلنجنگ بن گیا ہے، میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ کیوں مولانا فضل الرحمٰن کو ہرواتی اور پی ٹی آئی کو جتواتی، مولانا فضل الرحمٰن کے حصے میں آنے والی اکثر نشستیں پی ٹی آئی کے پاس چلی گئی ہیں، بلوچستان میں جن حلقوں کے نتائج کیخلاف احتجاج ہورہا ہے ان میں کچھ حلقوں پر مولانا فضل الرحمٰن کے امیدوار جیتے ہیں۔ صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت حکومت بنانا مسلم لیگ ن کے نہیں پاکستان کے مفاد میں ہے،اس وقت کسی جماعت کے پاس سادہ اکثریت نہیں ہے،معلق پارلیمنٹ میں کوئی اکثریت ثابت نہیں کرسکا تو ملک نئے بحران کا شکار ہوجائے گا، اگر کوئی اپنی سیاست کو زیادہ اہمیت دیتا ہے تو اس کی مرضی ہے،ن لیگ کو حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں ملا تو کس کو ملا ہے، تین بڑی پارٹیوں میں سے دو پارٹیاں مل کر حکومت بناسکتی ہیں، اسی لیے ہم نے حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی سے بات کی ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 16ماہ کی حکومت ہمارے گلے ڈالنے میں مولانا فضل الرحمٰن کا بنیادی کردار تھا،وزیراعظم اسمبلی تحلیل کرنے جارہے تھے مگر مولانا صاحب اور آصف زرداری نے انہیں قائل کیا، یہ نہیں ہونا چاہئے کہ کوئی چیز اچھی ہے تو ہماری ہے ورنہ ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، ن لیگ ذاتی سیاست نہیں پاکستان کے بہترین مفاد کیلئے کوشش کررہی ہے، ہماری اکیلے کی خواہش سے مستحکم حکومت نہیں بنے گی، ہمارے ساتھ نہ ملیں ان کے ساتھ مستحکم حکومت بنالیں ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کیا اقلیتی حکومت مستحکم ہوگی اور سیاسی استحکام لے آئے گی؟، ملک کو بحران سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں ،جس نے جو کیا وہ ذمہ دار ہوگا ہم اپنی سمت درست رکھنا چاہتے ہیں، عوام نے ہماری بات کوتسلیم نہیں کیا تو یہ اپنی جگہ پر ہے، ہم اپنا کردار صحیح سمت رکھنا چاہتے ہیں باقی جو بھی نتیجہ نکلے، تحریک انصا ف کو حکومت بنانے سے کس نے روکا ہے، پی ٹی آئی اپنی اکثریت ثابت کرے اور حکومت بنالے، تحریک انصاف سمجھتی ہے ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ثابت کریں۔