اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ حکومت نجی کاروباری شعبے کو ملک کی برآمدات میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کیلئے سہولت فراہم کر رہی ہے، امید ہے آئندہ منتخب حکومت پالیسیوں کے تسلسل کے باعث ملک میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی ترقی کے اس سفر کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینیٹر نعمان وزیر کی قیادت میں پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج اسٹیل پروڈیوسرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سینیٹر نعمان وزیر، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز کے عہدیداران اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دیگر شعبوں کے صنعتکار بھی موجود تھے،انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ سٹیل کے شعبے کی ترقی کے لیے ٹرن اوور ٹیکس میں کمی کی جائے اور ایکسپورٹ سہولت سکیم کے رولزنافذ کیے جائیں۔۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت نے اپنے مختصر عرصے میں پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا، نگران حکومت نے نجی شعبے کی سہولت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت اقدامات اٹھائے جن کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا، وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو سٹیل کی صنعت سے منسلک تمام مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔