اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے ’’عوامی نمائندوں کی تاحیات نااہلیت‘‘ کافیصلہ ختم کردیا ہے،53 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے قلمبند کیا ہے جوکہ سوموار کی شب سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا،جس میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ جبکہ جسٹس منصور علی شاہ کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے ، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا تصور بنیادی حقوق کی شقوں سے ہم آہنگ نہیں،آرٹیکل 62 ون ایف میں تاحیات نااہلی کا کہیں ذکر نہیں،تاحیات نااہلی انتخابات لڑنے اور عوام کے ووٹ کے حق سے متصادم ہے، عدالت نے اپنے فیصلے میں قراردیاہے کہ سمیع اللہ بلوچ کیس میں تاحیات نااہلیت کا فیصلہ ختم کیا جاتا ہے،عدالت نے قرار دیاہے کہ سپریم کورٹ نے سمیع اللہ بلوچ کیس میں تاحیات نااہلیت کا ڈیکلریشن دے کر آئین بدلنے کی کوشش کی ہے ،الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد عوامی نمائندے کی نااہلیت کی مدت پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوسکتی ہے۔