کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) عارف یعقوب کے ایک اوورنے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 رنزسے ہرادیا۔ افتخار احمد کی ہٹنگ نے آخری اوور میں میچ کو دلچسپ بنایا لیکن وہ میچ فنش نہ کرسکے۔ ملتان کو آخری اوور میں جیتنے کیلئے 22رنز درکار تھے، انہوں نے افغان پیسر نوین الحق کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دو چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن اوور کی پانچویں گیند پر 16رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ نوین کی دو وائیڈ بالز نے بھی کام خراب کیا۔ لیکن انہوں نے آخری دو گیندوں پر افتخار اور آخری بیٹر شاہنواز دہانی کو آؤٹ کرکے زلمی کوفتح دلادی۔ عارف یعقوب نے ایک اوور میں تین وکٹ لیے۔ 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام ٹیم 174 رنز بناسکی۔ ملتان کا آغاز اچھا نہیں رہا، کپتان محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر لیوک ووڈ کی گیند پر حارث کو کیچ دے بیٹھے، ڈیوڈ ملان نے 25 گیندوں پر 52 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، انہیں والٹرز کی گیند پر متبادل فیلڈر موسلے نے کیچ کیا۔ جبکہ یاسر خان 43 رنز بناکر سلمان ارشاد کا شکار بنے۔ ریزا ہینڈرکس کی 28 رنز کی اننگز کا خاتمہ سلمان ارشاد کرکے ہدف کی جانب پیشقدمی کا دھچکا پہنچایا۔ خوشدل شاہ صرف پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں عارف یعقوب نے شکار کیا۔ اسامہ میر کی آمد پیالی میں طوفان ثابت ہوئی ، انہوں دو گیندوں پر دو چھکے لگائے اور 12 رنز بناکر تیسری گیند پر عارف یعقوب کی دوسری وکٹ بن گئے۔ ڈیوڈ ولی کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرکے انہوں نے اپنا اوور تین وکٹ کے ساتھ پورا کیا۔ لیوک ووڈ نے نئے بیٹر عباس آفریدی کی ہدف کی جانب پیشقدمی کو صائم ایوب کا کیچ بناکر ختم کیا، وہ 11 رنز بناسکے۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی نے 8وکٹ پر179 رنز بنائے، حسیب اللہ 37 اور بابراعظم نے 31 رنزکی اننگز کھیلی۔ صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور صرف سات رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے علاوہ رومین پاول 23، محمد حارث 19، پاول والٹر 1،آصف علی نے 13 رنز بنائے جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی، محمد علی اور اسامہ میر نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہ نواز دہانی اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پشاور زلمی نے پلینگ الیون میں 3 تبدیلیاں کیں۔ زلمی کی ٹیم میں ٹام کوہلر کیڈمور، عامر جمال اور محمد ذیشان کی جگہ حسیب اللہ ، پال والٹر اور نوین الحق کو شامل کیا گیا ۔