کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اوراسپیکر سید اویس شاہ ہونگے، جبکہ نوید انتھونی کو سندھ اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس میں پی پی سندھ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ نے بہت بڑی ذمہ داری ہمارے کندھوں پر رکھ دی ہے، حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، ہمیں پرانی سیاست کو چھوڑنا ہوگا،آنے والی سندھ حکومت کارکردگی کے لحاظ سے اپنے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ کر نئے سنگ میل عبور کریگی، ہمارا مقابلہ صرف دیگر صوبوں کی حکومتوں سے نہیں، بلکہ کارکردگی میں وفاق سے بھی ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں تمام اپوزیشن جماعتوں سے خواہ وہ اسمبلی میں ہوں یا باہر، ورکنگ ریلیشن شپ بنائے گی، اور انکی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نوید انتھونی کو سندھ اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر نامزد کرکے پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اویس شاہ نوجوان ہیں اور امید ہے کہ وہ سابق اسپیکر آغا سراج درانی کی طرح انکی رہنمائی کے ساتھ بہتر انداز میں اسمبلی چلائیں گے۔