پشاور(جنگ نیوز) ایڈوائزروفاقی ٹیکس محتسب سردارعلی خواجہ نے کہا ہےکہ چھوٹے کاروباری لوگ ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ان کے ٹیکس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔یہ بات انہوںنے پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈر اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد جس کی قیادت صدر سلمان الہٰی ملک کررہے تھے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں ٹی ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا امجد خان جنرل سیکرٹری شہزاد عارف ، پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈر اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر خالد فاروق ملک ، تنظیم تاجران کے پی شہزاد احمد اور شادی ہال ایسوسی ایشن پشاور کے صدر خان گل کے علاوہ ممبران بھی موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب سردارعلی خواجہ نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا بنیادی کام ٹیکس میں بدانتظامی کی شکایات کو آزادانہ طور پر تحقیقات کے بعد نمٹانا اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ناانصافی کا ازالہ کرنا ہے اس سلسلے میں وفد نے صوبے کے کاروباری لوگوں کو درپیش ٹیکس مسائل کاذکر کیا ایڈوائزر نے انہیں یقین دلایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ صاحب کی ہدایت کی روشنی میں کاروباری لوگوں کے ٹیکس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا اور بدانتظامی اور بدعنوانی کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی اجلاس سے ایڈوائزر کسٹمز ضیاء الدین نے بھی خطاب کیا اور محکمہ کسٹم سے متعلقہ شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا وعدہ کیا۔