لاہور ( جنرل رپورٹر ) شہر میں ریلوے ڈیزل شیڈکے سینکڑوں مزدوروں نے تنخواہوں میں تاخیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور جلسہ منعقد کے ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ انور نے کہا ریکارڈ آمدن کے باوجود مزدوروں کو بروقت تنخواہیں نہ ملنا لمحہ فکریہ ہے ،تنخواہوں کے سابقہ طریق کو بحال کیا جائے،سیپ جیسے موذی ڈیپارٹمنٹ کو بند کر ریلوے ملازمین کی پریشانی کا خاتمہ کیا جائے،سیپ اور وزارت ریلوے کے درمیان ہونے والے معاہدے کو منظر عام پر لایا جائے،ورنہ اس احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔احتجاج میں پریم یونین کے ڈویژنل صدر شیخ فیاض احمد شہزاد ، خضرحیات اور گارڈز ایسوسی ایشن کے صدر منصور سفری نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ریلوے انتظامیہ کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کر دی جائے، اس ماہ کی تنخواہیں ابھی تک نہیں ملی ہیں ۔