راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے تھانہ صادق آباد کے دو پولیس اہلکاروں کے قتل میں نامزد ملزم کو جرم ثابت نہ ہونے پرشک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔ سی ٹی ڈی پولیس نے دس نومبر 2014 کو عبدالروف عرف خبیب کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کردی جب وہ رضویہ ہال کے باہر ڈیوٹی پر مامور تھے ۔فائرنگ سے وحید انجم اور قمر زمان نامی دو پولیس کانسٹیبل جاں بحق جبکہ یاسر فرید اور محمد سرفراز زخمی ہوگئے تھے ۔ گزشتہ روز مقدمہ کے حتمی دلائل میں ملزم کے وکیل قاضی خلیل الرحمٰن نے کہا کہ وقوعہ کے وقت ملزم پہلے ہی اسلام آباد پولیس کی حراست میں تھا ۔گواہوں کے بیانات میں بھی واضح تضادات موجود ہیں ۔