کراچی( نیوز ڈیسک ) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِاہتمام سندھ بھر کی جامعات کے درمیان ایچ ای سی ریجنل سینٹر میں اُردو اور انگریزی زبانوں میں تقریری مقابلوں کے اختتامی مرحلے کا انعقاد کیا گیا۔ جسکے مہمانانِ خصوصی وائس چانسلر کراچی یونی ورسٹی ڈاکٹر خالد عراقی تھے۔ جب کہ تقریری مقابلوں کے جج صاحبان میں تنظیم الفردوس، معروف صحافی/ کمیونی کیشن مینیجر اوریک این ای ڈی یونی ورسٹی فروا حسن اور ردا سیفی جبکہ انگریزی کے جج صاحبان میں نتاشہ حسیب، اربیلہ میمن اور امیر علی لاشاری شامل تھے۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ بحث و تمحیص کامقصد مثبت معاشرےکی تشکیل ہے۔ ہمارا نوجوان بلند حوصلے اور بلند کردار کا مالک ہے اور علم حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔۔ ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریری مقابلوں کے انعقاد کا مقصد دلیل اور مطالعے کا فروغ ہے۔ انگریزی تقاریری مقابلوں میں مہران یونیورسٹی نے پہلی، جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد نے دوسری جب کہ لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اُردو تقریری مقابلوں میں لمز یونیورسٹی نے پہلی، بے نظیر آباد یونی ورسٹی نے دوسری اور کراچی یونیورسٹی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔