اسلام آباد(محمد صالح ظافر) ا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایوان کے اس رکن کی شناخت کرنے کا حکم دیا ہے جس نے جمعرات کی دوپہر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر اس وقت ماسک پھینکا جب وہ قومی اسمبلی کے پوڈیم پر رجسٹر آف رول پر دستخط کر رہے تھے۔ ایوان کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اس موقع پر اسپیکر بھی موجود تھے اور شہباز شریف کے کندھے پرگرنے والا ماسک نواز شریف کے قریب سے گزرا لیکن انہیں نہیں لگا۔ قومی اسمبلی کے اعلیٰ ذرائع نے جمعرات کی شام دی نیوز کو بتایا کہ نواز شریف کو ان کی پارٹی کے ارکان جن میں حنیف عباسی، ملک ابرار اور شہباز شریف شامل ہیں، نے ایوان کے دونوں اطراف نواز شریف کیخلاف نعرے بازی کے دوران انہیں ڈھال بنایا ہوا تھا ۔ نواز نے اسپیکر سے مصافحہ کیا اور وہ رجسٹر پر دستخط کرنے کیلئے جھکے ہوئے تھے، اسپیکر کے چبوترے کے سامنے جمع پی ٹی آئی کے کچھ ممبران حکمران اتحاد کی قیادت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، اس دوران پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے چہرے جیسا بنا ہوا نقاب نواز شریف کی طرف پھینکا گیا تاہم مسلم لیگ ن کے قائد نے اس عمل کا نوٹس تک نہیں لیا۔