• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریڈ ایک سے 15 پر بھرتیاں جلد مکمل ہوں گی، مراد شاہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام صوبائی اسمبلیوں میں وزیر اعلیٰ منتخب ہو چکے ہیں اور وزیر اعظم کا انتخاب ایک دو روز میں ہو جائیگا۔گریڈ1سے15تک کی نوکریوں سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم بھرتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت قلندر لعل شہباز کے772ویں عرس مبارک کی اختتامی تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر کے انتخاب کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ طاقت سے آصف علی زرداری صدر منتخب ہوں گے . صدر آصف علی زرداری کی کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کے چلیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی کوشش ہے کہ تمام جماعتوں سے مذاکرات ہوں، اس وقت پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکتی تھی۔ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن و امان ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور ہم ہر صورت صوبے میں امن و امان قائم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی خصوصی ہدایت ہے کہ حکومت بننے کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید