کراچی (جنگ نیوز) بہترین انٹرٹینمنٹ کیلئے ناظرین کے پسندیدہ انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے ڈرامے کا ایک نیا سلسلہ ”داؤ“ کے عنوان سے شروع کیا جارہا ہے۔ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے ڈرامے میں دکھایا جائے گا کہ ”خود غرضی اور اچھے برے کی تمیز کھو کر دولت کا حصول کس طرح چھین لیتا ہے زندگی کا سکون؟“۔ ڈرامے کی کہانی ثمینہ اعجاز نے اپنے قلم سے تحریر کی ہے۔ سیریل کی اسٹار کاسٹ میں شامل ہارون شاہد، کرن حق، عارز احمد، عائشہ راجپوت کے ہمراہ منجھی ہوئی اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے الماس کے کردار کو علی اکبر کی ہدایات میں بہت ہی خوبصورتی سے نبھایا ہے۔ نیا سیریل ایک تمثیل اور ایک نصیحت ہے ایسے کرداروں کیلئے جو دولت کے حصول کیلئے معیار کو نظر انداز کرکے اپنی اولاد کیلئے خوشیاں خریدنا چاہتے ہیں لیکن جب یہ خوشیاں غم میں ڈھل کر مکافات کی صورت لوٹتی ہیں تو زندگی کا سکھ چین چھین لیتی ہیں۔