• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز وزیراعظم منتخب، مفاہمت کی پیش کش، چاروں صوبوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، معاشی منصوبہ بجٹ میں ٹیکس لیول کم کریں گے، نومنتخب وزیراعظم

اسلام آباد(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار محمد شہباز شریف 201 ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ‘سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے92ووٹ حاصل کئے‘بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ جے یوآئی (ف)کے ارکان نے بائیکاٹ کرتے ہوئے رائے شماری میں شرکت نہیں کی ۔

 اجلاس کے دوران شدیداحتجاج اور شور شرابہ ‘ چور چور کے نعرے ‘ سارجنٹ ایٹ آرمزطلب کرلئے گئے‘پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری ‘ چین کے صدر شی جنپنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ نے شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں جنہوں نے پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا ٹیلی فون کیا۔

 وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے اپوزیشن کو میثاق معیشت اور مفاہمت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں مل کر پاکستان کی قسمت سنواریں اور اس کو درپیش چیلنجز سے نکالیں‘ چاروں صوبوںکوساتھ لیکر چلیں گے ‘آئندہ بجٹ میں معاشی منصوبہ بندی کی جائے گی

‘ٹیکس لیول کم کیا جائے گا‘خارجہ پالیسی میں ہم کسی گریٹ گیم کا حصہ نہیں بنیں گے‘دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کو ویزافری انٹری دی جائے گی جبکہ ایوان زیریں میں خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رکن عمر ایوب نے کہا ہے کہ اب ایک ملک اور دو دستور نہیں چل سکتے‘شہباز شریف فارم 47کی پیداوار ہیں، وزیراعظم کا الیکشن غیرقانونی ہے‘ یہ یہ پی ڈی ایم کی حکومت کا تسلسل اور ایک فاشسٹ حکومت ہے‘ حکمران اتحاد کے چہرے دیکھ لیں اترے ہوئے ہیں جیسے جنازے پر آئے ہوں‘ آپ کو ان کے چہروں سے ڈر اور خوف نظر آئیگا‘ انہیں معلوم ہے کہ ان کے پاس جو مینڈیٹ ہے وہ چوری شدہ ہے‘ .

سانحہ 9 مئی کی عدالتی انکوائری کرائی جائے‘عمر ایوب نے کہاکہ یہاں ایک ملک اور دو قانون ہیں ‘ نواز شریف کو ایئرپورٹ پر بائیو میٹرک کی سہولت فراہم کی گئی‘یہ کہتے تھے ہماری بات ہوگئی ہے، بھائی کس سے بات ہوگئی؟ لگتا ہے ان کا رانگ نمبر لگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم کی تقریر لائیو گئی، میری تقریر بھی لائیو جائے۔اس حوالے سے رولنگ دی جائے ۔ہمارے محبوب قائد کو گرفتار کیا گیا مگر ہم کھڑے رہے،بشریٰ بی بی سمیت ہماری سیاسی قیدی خواتین کو رہا کیا جائے۔ پی ڈی ایم کی حکومت فاشسٹ حکومت تھی،بتایا جائے ارشد شریف اور ظلِ شاہ کا قاتل کون ہے؟ میں پی ٹی آئی کے شہدا کے نام پیش کر رہا ہوں بتائیں ان کا قاتل کون ہے؟پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں ہمارے 10 ہزار ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔

جب سپریم کورٹ پر حملہ ہوا کیا وہ بھارت کا سپریم کورٹ تھا۔ان حکمرانوں کے بیٹے باہر بیٹھے ہیں ہمارے بیٹے یہاں دھرتی کی حفاظت کیلئے موجود ہیں۔تاریخ ہر چیز یاد رکھتی ہے ہم کچھ نہیں بھول سکتے۔ شہباز شریف آج حلف اٹھائیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہبازشریف نے کہاکہ غربت میں کمی، روزگار کی فراہمی، معاشی انصاف، سستا اور فوری انصاف ہمارا نصب العین ہے‘ہم ہمالیہ نما چیلنجز کو عبور کریں گے‘بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ویزہ فری انٹری کی سہولت دینگے‘.

سستے اور فوری انصاف کے لیے عدالت عظمیٰ اور ایوان مشورہ کرکے نظام لائیں‘تیل سے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں فوری طور پر متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر توجہ دیں، سرمایہ کاری اور کاروبار دوست ماحول کے راستے میں حائل فرسودہ قوانین کا خاتمہ کرینگے، پورے ملک میں بہترین ٹرانسپورٹ کا جال بچھائیں گے، بجلی اور ٹیکس چوری سے نمٹنے کیلئے خود ذمہ داری ادا کروں گا، ایف بی آر میں خودکار نظام متعارف کرائیں گے، اب محنت کرنا ہو گی۔

شہبازشریف کا کہناتھاکہ یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ محمد نوازشریف معمار پاکستان ہیں‘اس ایوان میں چاروں صوبوں سے قابل ترین لوگ آئے ہیں، ہم ملکر ملک کی کشتی کو منجدھار سے نکال کر کنارے پر لے جائیں گے۔ چیلنجوں سے مل کر نمٹیں گے اور پاکستان کو اس صحیح سمت میں گامزن کرینگے، یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ 

جاری سال کے دوران 12300 ارب روپے کے محصولات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، این ایف سی ایوارڈ کے بعد 7 ہزار 300 ارب روپے وفاق کے پاس بچتے ہیں، سود کی ادائیگی 8 ہزار ارب روپے ہے، 700 ارب روپے کا خسارہ لے کر چلتے ہیں، ایسے میں ترقیاتی منصوبوں، صحت و تعلیم کی سہولیات، ملازمین کی تنخواہیں کہاں سے لائیں گے، یہ سب کچھ قرض در قرض لیکر کئی سالوں سے دیا جا رہا ہے‘اپوزیشن کے احتجاج کرنے والے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگ جس ایوان میں بیٹھے ہیں ان کے واجبات بھی قرض سے ادا کئے جا رہے ہیں‘ہم ملکر ضرور ملک کو ان مشکلات سے نکالیں گے‘بجلی و گیس چوری کا سارا بوجھ غریب عوام اٹھاتے ہیں، ہم نے بجلی و ٹیکس چوری روکنی ہے، اس کی ذمہ داری خود سنبھالوں گا۔ 

آئی ٹی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرینگے،کھاد پر سبسڈی براہ راست کسان کو دیں گے ۔ 

چھوٹے کاشتکاروں کیلئے ٹیوب ویل پروگرام شروع کرینگے، بیج مافیا کو ختم کیا جائیگا، دنیا سے اعلیٰ ترین بیج منظور کر کے کسان کو دینگے‘جعلی ادویات کا چاروں صوبوں کے ساتھ ملکر خاتمہ کرینگے‘لائیو سٹاک کے شعبہ میں بہتری لائیں گے۔ سستے اور فوری انصاف کا نظام مشاورت سے لائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزائیں ضرور ملیں گی تاہم جو اس میں ملوث نہیں ہیں ان کو کوئی گزند نہیں پہنچائی جائے گی. قومی ایکشن پلان پر عمل کرینگے.

 ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر کا سدباب کرینگے‘چھوٹے کاروبار کیلئے نوجوانوں کو قر ضے دیئے جائیں گے، کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خون سے وادی سرخ ہو چکی ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے‘انتخابات میں شکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ ادارے موجود ہیں.

 آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کیا ضرورت پیش آئی، یہ غیر ملکی مداخلت کی دعوت دی گئی جو ملکی دشمنی ہے، مزید کسی انتخابی نتیجے کی ضرورت نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید