اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سینیٹر اسحٰق ڈار کو وزیر خارجہ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی خدمات خارجہ امور کے مشیر کی حیثیت سے جبکہ طارق فاطمی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے خارجہ امور خارجہ بنایا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ جلیل عباس جیلانی نگران حکومت میں وزیر خارجہ کے فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ طارق فاطمی اس سے قبل بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور رہ چکے ہیں۔ اس طرح اسحاق ڈار، جلیل عباس جیلانی اور طارق فاطمی مشترکہ طور پر فارن آفس چلائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے اسحاق ڈار، جلیل عباس، طارق فاطمی کی ملاقات بھی ہوئی ہے، جس میں وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے انہیں غیر رسمی بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ دوبارہ دیئے جانے سے متعلق متضاد خبریں سامنے آرہی تھیں جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا جارہا تھا کہ اسحاق ڈٓار ہی نئی حکومت کے وزیر خزانہ ہوں گے اور یہ بھی قیاس کیا جارہا تھا کہ اسحاق ڈار کو چیئرمین سینٹ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف کو حلف اٹھائے چار دن ہوگئے ہیں گو کہ وہ اپنے منصب کی حکومتی سرگرمیوں میں شبانہ روز مصروف نظر آ رہے ہیں لیکن کابینہ کی تشکیل ابھی تک وزارتوں اور متوقع وزراء کے ناموں پر قیاس آرائیوں اور امکانات کی خبروں تک ہی گردش میں ہیں۔ تاہم اب نئی صورتحال میں اس پیش رفت سے امکان پیدا ہو چلا ہے کہ اہم ترین وزارتوں میں شمار وزارت خارجہ بھی جو دیگر وزارتوں کی طرح اپنے وزیر کی منتظر ہے اس کو اب زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے جس کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے خارجہ امور سے متعلق انتہائی تجربہ کار اور وسیع پس منظر رکھنے والے خارجہ امور کے دو ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں جو سینیٹر اسحاق ڈار کی نگران میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔