بیلجیئم نے اپنی فضائیہ کے ذریعے غزہ کی پٹی پر انسانی امداد کی پہلی کھیپ کو پہنچا دیا ہے۔
بیلجیئم کی وزیر خارجہ حادجا لحبیب نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس کے ذریعے اس حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد بھیجنے کے لیے بیلجیئم کا پہلا آپریشن حال ہی میں ہوا ہے۔
انہوں نے اس آپریشن میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن میں مدد کرنے پر علاقائی ممالک میں موجود بیلجیئم کے سفارتی اور اس آپریشن کو انجام دینے والے فضائی عملے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ زمین پر موجود شہریوں کی تکالیف ناقابل برداشت ہیں۔ انسانی امداد کے لیے غیر محدود رسائی کی ضمانت ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ بیلجیئن وزارت خارجہ کے مطابق یہ پرواز، غزہ کی پٹی کو ہنگامی ضروریات پر مشتمل امداد فراہم کرنے کے لیے اردن کے تعاون سے کیے گئے ایک بڑے ایئر ڈراپ آپریشن کا حصہ ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بار پھر اس ضرورت کا احساس دلایا کہ حقیقی اور آسان طریقے سے امداد فراہم کرنے کا واحد حل زمینی راستے سے اس کی فراہمی ہے۔ جہاز کے ذریعے امداد کی فراہمی اتنے بڑے بحران کا حل نہیں ہے۔