اسلام آباد ،مظفرآباد(نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چور مافیا سب سے بڑا چیلنج ہے،معاشی فیصلے اشرافیہ کیلئے کڑوے ہونگے،وقت آگیا ہے کہ ان کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں،پاکستان کیلئے سب کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا،ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کرنی ہے اور ذاتیات سے ہٹ کر پسند ناپسند کو دفن کرنا ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،حق خود ارادیت کی جدو جہد میں انکے شانہ بشانہ رہیں گے، بارشوں سے منہدم گھروں کیلئے 7 لاکھ روپے اور جزوی طور پر تباہ گھروں کیلئے ساڑھے 3لاکھ روپے دینگے۔ وزیر اعظم نے یہ بات جمعہ کے روز مظفر آ باد میں بارشوں اور برف باری کے متاثرین سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے شدید بارشوں اور برف باری میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کو حالیہ بارشوں سے آزاد کشمیر میں ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کی محصولات کی مد میں آمدن کا تخمینہ رواں مالی سال 12کھرب روپے ہے۔