لاہور(پ ر) ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے کہاہے کہ موجودہ دور میں پاکستان اور ایتھوپیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث خاصی مشکلات کا سامنا ہے،پاکستان اور ایتھوپیا کو اس پر مل کر کام کرنا ہوگا، ہم اگر پاکستانی نوجوانوں کو رننگ کے میدان میں کوچنگ اور پاکستان کی جانب سے کرکٹ کے میدان میں ہماری کوچنگ کی جائے تو یہ اچھی سپورٹس ڈپلومیسی رہے گی۔انھوں نے کہاکہ مریم نواز کا وزیراعلی پنجاب بننا پاکستانی خواتین کے بااختیار ہونے کا ثبوت ہے،پاکستان نے بےنظیر کو بھی وزیراعظم بناکر ثابت کیا کہ پاکستان کی عورت مضبوط ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہورپریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس پروگرام میں کیا۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر شیراز حسنات، نائب صدر امجد عثمانی، ممبران گورننگ باڈی نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ صدرارشد انصاری نے معزز مہمان کا کلب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایتھوپیااور پاکستان مسلم ممالک ہونے کے باعث ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے کے لئے نیک جذبات رکھتے ہیں لاہور پریس کلب کے وفدکو ایتھوپیا کے دورہ کی دعوت بھی دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔