اسلام آباد/بیجنگ(ایجنسیاں/جنگ نیوز) چین‘ ایران‘ ترکیے‘ سعودی عرب اور افغانستان نے آصف علی زرداری کوپاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے اتوار کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاک چین آہنی دوستی تاریخ کا انتخاب اور عوام کا قیمتی خزانہ ہے‘چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے ہیں۔
بیجنگ صدر زرداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے‘ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اور خاص طور پر نئے دور میں ایران، پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے اپنی آمادگی کا اعادہ کرتا ہے۔
ترکیے کے صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری جاری رہے گی جبکہ افغانستان میں طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی نئی حکومت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں‘امید ہےکہ نئی پاکستانی حکومت افغان مہاجرین کی ملک بدری سے متعلق لچک دکھائے گی۔
تفصیلات کے مطابق صدر شی جن پنگ نےآصف علی زرداری کو پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں صدر شی کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی ہیں۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا کو ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تیز رفتار تبدیلیوں کا سامنا ہے اور چین پاکستان تعلقات کی تزویراتی اہمیت مزید نمایاں ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چین پاکستان تعلقات کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور چین اور پاکستان کے درمیان روایتی دوستی، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھانے اور چین پاکستان کی وسیع تر ترقی کے لیے صدر زرداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ادھر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے امید ظاہر کی کہ ان کے دور صدارت میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تاریخ کے تعلقات پہلے سے زیادہ مستحکم ہوں گے۔ دریں اثناءطالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، سفارتی، ثقافتی اور مذہبی معاملات میں اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ہمیں امید ہےکہ نئی حکومت اس پر غور کرے گی۔