لاہور(مقصود اعوان ) پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری 15سال6 ماہ 4 دن بعد صدرمملکت کا دوسری بار حلف اٹھا کر ایک بار پھر ایوان صدرکے مکین بنے۔ گزشتہ روز دوسری بار صدر مملکت کا حلف اٹھانے کا بعد متعدد ریکارڈ قائم کردیئے ہیں آصف علی زرداری پہلے سویلین منتخب صدر ہیں جن سے سپریم کورٹ کے دو مختلف چیف جسٹس صاحبان نے حلف لیا ۔ پہلی مرتبہ ستمبر 2008ءمیں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے اُن سے حلف لیا، گزشتہ روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اُن سے دوسری بار صدر مملکت منتخب ہونے پر حلف لیا۔ صدر آصف علی زرداری نے2008میں صدارتی عہدہ سنبھالا تو اُس وقت اُن کی پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی ملک کے وزیر اعظم تھےجبکہ اب 2024 میں وہ پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعت مسلم لیگ نون کے وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف کی حکومت ہے، اور وہ اُن کے متفقہ صدر ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے پہلی بار 6ستمبر 2008کو حلف اٹھایا تھا۔