کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ نائن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لاہور قلندرز کے خلاف آخری گیند پرچھ وکٹ سے اہم میچ جیت کر پلے آف مرحلے میں کوالی فائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ آخری گیند پر وسیم جونیئر نے شاہین شاہ کو چھکا مارکر بازی پلٹ دی۔ اتوار کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں وسیم کے چھکے کے ساتھ سر ویوین رچرڈز بھی داد دینے گراؤنڈ میں داخل ہوگئے۔ وسیم نے دو گیندوں پر سات رنز بنائے۔ سعود شکیل نے 65گیندوں پر88 رنز پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز دس میں سے 8میچ ہارگئی۔ اس سے قبل اس نے ایک ٹورنامنٹ میں سات میچ ہارے تھے۔ کوئٹہ کی جیت کے ساتھ کراچی کنگز کا بھی سفر تمام ہوا ۔ ملتان سلطانز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنالی۔ شاہین نے دو اوورز میں41رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ ملتان نے 9میچوں میں 12، اسلام آباد نے دس میچوں میں11، زلمی نے 9میچوں میں11اور کوئٹہ نے9میچوں کے بعد9پوائنٹس حاصل کئے۔ اب آخری دو میچ محض رسمی کارروائی ہوں گے۔ اتوار کی شب کوئٹہ کے جیسن رائے18اور کپتان رائیلی روسو13رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ سعود شکیل نے نصف سنچری42 گیندوں پر مکمل کی۔ آخری پانچ اوورز میں54رنز کی ضرورت تھی۔ کوئٹہ جیت سے31رنز کے فاصلے پر تھی کہ شاہین آفریدی نے خواجہ نافع کو26رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ نافع اور سعود شکیل کی شراکت میں70رنز بنے۔ شاہین کےآخری اوورز میں14رنز درکار تھے۔ شاہین کی پہلی گیند پر لوری ایونز کیچ ہوگئے لیکن وسیم نے مشن پورا کردیا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 4وکٹ پر166رنز بنائے۔ قلندرز نے فخر زمان کے ان فٹ ہونے کے بعد نئی اوپننگ جوڑی کو آزمایا۔ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر ابرار احمد نے25رنز پر اوپنر صاحبزادہ فرحان اور پھر اسی اوور میں مرزا طاہر کو چلتا کردیا ۔ 69رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد کپتان شاہین آفریدی اور عبداللہ شفیق جم گئے اور اگلے 10اوورز میں میچ کا نقشہ بدل دیا۔ دونوں نے 57گیندوں پر 91رنز کی شراکت قائم کی۔ شاہین نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے55رنز بنائے، عبداللہ نے 39گیندوں پر 59رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔