اسلام آباد(جنگ نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے، آئندہ پانچ سالوں میں ترقی کا سنگ بنیاد رکھیں گے،سیاست کیلئے انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے وزارت منصوبہ بندی میں منگل کو وزارت منصوبہ بندی میں اپنی باقاعدہ ذمہداریاں سنبھالنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں،اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ چوتھی بار منصوبہ بندی کا وزیر بنا ہوں،ہر بار اس وزارت میں کام کیا تو سیاسی عدم استحکام نے منصوبوں کو نقصان پہنچایا،سیاسی استحکام اور پالیسوں کے تسلسل تک ہم ترقی نہیں کرسکتے،چین بنگلہ دیش، انڈیا اور ترکی میں سیاسی استحکام نے اہم کردار ادا کیا۔