کراچی (نیوز ڈیسک) سوئی سدرن گیس کمپنی کی ڈھٹائی کا سلسلہ جاری ، کراچی کے مختلف علاقوں میںسحر وافطار میں بھی شہریوں کو گیس نہ مل سکی، شہریوں کی بڑی تعداد روزے کی حالت میں سلنڈر بھروانے اور سحری وافطاری میں بھی بازار سے مہنگے داموں کھانے پینے کی اشیاء خریدنے پر مجبور، شہریوں کا کہنا ہے کہ بھاری بلز ادا کرنے کے باوجود انہیں گیس نہیں مل رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں لیاری ، اولڈ سٹی ایریاز، رامسوامی ، گارڈن ویسٹ ، عثمان آباد ،حسن لشکری ولیج ، نیو کمہار واڑہ ، اورنگی ٹاون ، بنارس ، اختر کالونی ، کورنگی ، شاہ فیصل کالونی اور نیوکراچی سمیت شہر کے بیشتر علاقوں سے شہریوں نے شکایات کی ہیں کہ سحری وافطار میں یا تو بالکل گیس نہیں آرہی یا بیشتر علاقوں میں لو پریشر کی شکایات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کمپنی اور وزیر توانائی نے بھی رمضان المبارک کے دوران سحر وافطار میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے باوجود شہری سحر وافطار کے اوقات میں گیس کی سہولت سے محروم ہیں اور بازار سے مہنگے داموں کھانے پینے کی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بسا اوقات انہیں بچوں کا دودھ بھی بازار سے پکا پکایا لینا پڑتا ہے ۔