عظمٰی صدیقی
اجزا: گائے کا قیمہ آدھا کلو ،دہی ایک پاؤ، لیموں ایک عدد، پیاز تلی ہوئی دو عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچہ،پسا گرم مسالہ ایک چائے کاچمچہ،کٹی ہوئی لال مرچ دوچائے کے چمچے، پپیتا ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچے ،نمک حسبِ ضرورت، ہری مرچ اور ہرا دھنیا حسبِ ضرورت،تیل آدھی پیالی
ترکیب: گائے کا قیمہ دھو کر ا س میں پپیتا ،کٹی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، زیرہ اور پسا ہواگرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرلیں۔ ساتھ تلی ہوئی پیاز، دہی، ادرک اور لہسن کا پیسٹ ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں مسالہ ملا قیمہ ڈال کر ہلکی آنچ پر آدھے گھنٹے کے لیے پکائیں اور دیگچی ڈھانپ دیں، جب پانی خشک ہوجائے تو اس میں حسبِ ضرورت ہری مرچ اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر شامل کردیں۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم چپاتی یا پراٹھے سے کھائیں۔
اجزا: چکن ایک کلو،لہسن آٹھ سے دس جوئے، پیاز(موٹی کٹی ہوئی )دو عدد درمیانی، ثابت لال مرچیں دس سے بار عدد، کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ، ادرک ایک ٹکڑا ،دہی (پھینٹا ہوا) ایک پیالی، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، تیل آدھی پیالی
ترکیب: سب سے پہلے چکن کو نمک ،کالی مرچ اور دہی لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پیاز، ادرک، لہسن، زیرہ اور لال مرچوں کو ملا کر موٹا موٹا پیس لیں۔ دیگچی میں تیل کو دوسے تین منٹ تک درمیانی آنچ پر ہلکا گرم کرکے ثابت گرم مسالہ ڈالیں۔ تیل جب کڑکڑانے لگے تو پیسا ہوا مسالہ ڈال کر چار سے پانچ منٹ تک بھونیں۔
چکن ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ تیل علیحدہ سے نظر آنے لگے آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر تین سے چار منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں اور پھر چو لہے سے اتار لیں۔ گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔