کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل تیسری بار اسلام آباد یونائٹیڈنے جیت لیا۔ ملتان سلطانزکا دوسری بار ٹورنامنٹ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔فائنل میں اسلام آباد نے ملتان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹ سے شکست دے دی۔میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔عماد وسیم نے پانچ وکٹیں لینے کے بعد مشکل صورتحال میں19رنز بنائے۔آخری گیند پر حنین نے وننگ شاٹ کھیلا۔ پیر کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں 32ہزار تماشائیوں کو دلچسپ میچ دیکھنے کا موقع ملا۔فاتح ٹیم نے فتح کے بعد فلسطین کے پرچم اٹھا کر پورے گراؤنڈ کا چکر لگایا۔مارٹن گپ ٹل سیٹ ہونے کے بعد رن آوٹ ہوگئے۔انہوں نے32گیندوں پر پچاس رنز بنائے ان کی اننگز میںتین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔اعظم خان ایک چانس ملنے کے باوجود میچ فنش نہ کرسکے اور 23گیندوں پر32رنز بناکر آوٹ ہوئے۔اننگز کے آغاز میں خوش دل شاہ نےکولن منرو(17)اورسلمان علی آغا (10)رنز پر آوٹ کردیا۔افتخار احمد نے شاداب خان کو چار رنز پر بولڈ کردیا۔55رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعدمارٹن گپ ٹل اور اعظم خان نے صورتحال کو سنبھالا۔حیدر علی بھی پانچ رنز بناسکے۔ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اسپنرز کے خلاف ملتان کی بیٹنگ بری طرح لڑکھڑائی اور 9وکٹ پر165رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ عثمان خان نے سب 57رنز بنا کر شاداب خان کا دوسرا شکار بنے۔انہوں نے40 گیندیں کھیلیں جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔افتخار احمد 20 گیندوں پر 32رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔عماد وسیم نے چار اوورز میں23رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔شاداب خان نے32رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔بیٹنگ کے آغاز پر ہی ملتان سلطانز کو نقصان اٹھانا پڑا اور اس کے ابتدائی دو بیٹر صرف 14رنز پر پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔اوپنر یاسر خان 6 اور ڈیوڈ ولی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کپتان محمد رضوان اور عثمان خان نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش لیکن زیادہ کامیاب نہیں ہوسکے، محمد رضوان 26 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے۔ان کے بعد جانسن چارلس صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد اسامہ میر 6، خوشدل شاہ 11، کرس جارڈن صفر اور عباس آفریدی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔