کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی افریقی ریاست یوگنڈا کی اسلامک یونیورسٹی میں حلال توثیقی تجربہ گاہ کے قیام میں یوگنڈا کی حکام کی مدد کریگا جبکہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک اس پروجیکٹ کی مالی معاونت کریگا۔ ان خیالات کا اظہار حال ہی میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں شرکاء نے اپنی گفتگو کے دوران کیا۔ اس جلاس میں پروفیسر ڈاکٹرسید غلام مشرف، ایس ایف ڈی ایل انچارج ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمد اور ڈاکٹر شکیل احمد نے خصوصی شرکت کی۔ اسلامک یونیورسٹی کی حلال توثیقی تجربہ گاہ کے پروجیکٹ کوارڈینیٹر پروفیسرسید غلام مشرف نے اجلاس کو ڈاکٹر شکیل احمد کے ہمراہ کیے گئے اپنے اسلامک یونیورسٹی یوگنڈا کے حالیہ دورے کے متعلق آگا کیا۔ اس موقع پر پروفیسر فرزانہ شاہین نے پروفیسرسید غلام مشرف اور ڈاکٹر شکیل احمد کو اُن کے کامیاب دورے کی مبارکباد دی۔