• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ ملک کی 24 کروڑ عوام کی امیدوں کا آئینہ دار نہیں، وقار مہدی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و ایوانِ بالا کے رکن سینیٹر وقار مہدی نے سینیٹ کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا پیش کردہ بجٹ 2025-2026ملک کی 24کروڑ عوام کی امیدوں کا آئینہ دار نہیں ہے، عوام مایوس ہو چکے ہیں۔ سینیٹر وقار مہدی نے ایوانِ بالا کے بجٹ سیشن سے اپنے خطاب کا آغاز ایران پر اسرائیل حملے کی مذمت سے کیا اور کہا کہ بجٹ تقریر سے پہلے، میں ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ اسرائیل جس درندگی سے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ کھلی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کٹھ پتلی کا کردار ادا کرنے کے بجائے مؤثر کردار ادا کرے۔ وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2025-2026 پر بات کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ اس بجٹ کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اشیاء مہنگی ہو رہی ہیں اور عوام کی قوتِ خرید تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں سولر پینلز پر 18 فیصد ٹیکس تجویز کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کیا حکومت چاہتی ہے کہ غریب عوام واپڈا اور کے الیکٹرک سے مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہوں؟ انہوں نے کہا کہ ابھی بجٹ منظور بھی نہیں ہوا، لیکن دوکانداروں نے سولر پینلز پر ابھی سے 18 فیصد سولر ٹیکس لاگو کر دیا، یہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید