• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن اور حسین نواز کی بریت کے بعد پاناما کا باب ختم ہوگیا، عرفان صدیقی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کم نہیں کرسکتی کم از کم شہریوں کے جان و مال کا تحفظ تو کرے، حسن اور حسین نواز کی بریت کے بعد پاناما کا باب ختم ہوگیا،پی ٹی آئی کے جلسہ کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، نگراں حکومتوں کے تصور کے خلاف ہوں ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا، نگراں حکومت ختم ہوتے ہی اس کے اہلکاروں کو منظر سے ہٹ جانا چاہئے، نگراں عہدیدار آئندہ حکومت کا حصہ بن جائیں تو لگتا ہے آئندہ کیلئے کھیتی کاشت کرتے رہے،اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے عماد وسیم کوآئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اثاثہ قرار دیا ہے۔وہ جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر ہمایوں مہمندبھی شریک تھے۔میزبان حامد میر نے پی ایس ایل کے ہیرو عماد وسیم سے اپیل کی کہ قومی ٹیم کو آپ کی بہت ضرورت ہے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لیں۔ سینیٹر ہمایوں مہمندنے کہا کہ تحقیقات کی جائے استاد اللہ رکھیو نندوانی کو کچے کے ڈاکوؤں نے مارا یا پکے کے ڈاکو ؤں نے مارا ہے، نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو انصاف نہیں اسپیشل ٹریٹمنٹ ملی ہے، سمجھ نہیں آتا یہ تحریک انصاف کے جلسوں سے اتنا کیوں ڈرتے ہیں، اگر ڈیل ہونی ہوتی تو آج عمران خان کی ڈیل ہوچکی ہوتی، آئین کہتا ہے نگراں حکومت کے لوگ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، عماد وسیم نے ٹیم میں بہت اچھی پوزیشن پر موجو دایک کھلاڑی سے متعلق کہا تھا کہ وہ اچھا کھلاڑی ہے مگر میچ وننگ نہیں ہے اس کے بعد سے عماد وسیم ٹیم میں نہیں آئے۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ایک استاداپنے تحفظ کیلئے بندوق لے کر اسکول جانے پر مجبور ہے تو یہ لاقانونیت کی انتہا ہے، حکومت مہنگائی کم نہیں کرسکتی کم از کم شہریوں کے جان و مال کا تحفظ تو کرے، کچے کا علاقہ ہو یا پکے کا علاقہ ہو ہر طرف لاقانونیت ہے حکومت او ر ریاست کہا ں ہے،انصاف کے نظام پر پاکستان کے عوام کا اعتماد متزلزل ہے، حسن اور حسین نوا ز کی بریت کے بعد پاناما کا باب ختم ہوگیا۔
اہم خبریں سے مزید