کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی کی حیثیت سے غیر ملکی کوٹہ پرپی ایس ایل اور دیگر انٹر نیشنل لیگز کھیلنے والے بیٹر عثمان خان کو پی ایس ایل کی کارکردگی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے فٹنس کیمپ میں پہلی بار طلب کیا گیا ہے۔ ریٹائرمنٹ واپس لینے والے عماد وسیم اور محمد عامر کو بھی کیمپ میں بلایا گیا ہے۔ پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر مہران ممتاز، عرفان نیازی اور محمد علی کو بھی بلایا گیا ہے۔ پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 29 کھلاڑی منگل کے روز سے کاکول ایبٹ آباد میں منعقدہ فٹنس کیمپ میں حصہ لیں گے۔ کھلاڑیوں نے پیر کو رپورٹ کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ یہ کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کررہا ہے جس میں ایک خاص حکمت عملی کے مطابق کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹ کیلئےتیار کیا جائے گا ان میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز آئرلینڈ اورانگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور امریکہ ، ویسٹ انڈیز میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہے۔ کیمپ منگل 26 مارچ سے 8 اپریل تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں بنیادی توجہ ٹیم کی تیاری پر ہوگی ۔ مدعو کردہ کھلاڑیوں میں بابراعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم ،اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی، حسن علی، محمد علی، زمان خان، وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رؤف اور محمد عامر شامل ہیں۔