کراچی (اسٹاف رپورٹر) مصر میں ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے پہلے میچ میں پاکستان نے چین کو سخت مقابلے کے بعد5-4 شکست دے دی۔ پاکستان کو جیت کیلئے خاصی محنت کرنا پڑی۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں چینی ٹیم نے پاکستان پر بہت دباؤ رکھا اور تین پنالٹی کار نرحاصل کئے، جبکہ پاکستان نے ایک پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ 50 ویں منٹ میں رانا وحید کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کیلئے محمد سفیان خان، رانا وحید اشرف، محمد عماد، ابوبکر محمود ، رانا ولید جبکہ چین کی جانب سے سیاھو نے دو، زینگ اور گوان نے ایک ایک گول بنایا۔ پاکستان نے میچ میں اپنے دونوں گول کیپرز منیب اور علی رضا کو آزمایا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی انتظامی کمیٹی کے مشترکہ چیئر مین اصلاح الدین صدیقی ، حسن سردار، چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے میچ میں کامیابی پرٹیم کو مبارکباددی ہے۔