اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی جانب سے صحافیوں کو نوٹسز کے اجراء سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان میں میڈیا اور صحافیوں کے ساتھ کیا ہوا اس پر تو کتابیں لکھی جا سکتی ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے پیر کو یہاں کیس پر سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، بیرسٹر صلاح الدین اور ایڈووکیٹ حیدر وحید عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل اور عدالت کے سوالات کے جواب دیئے۔