نئی دہلی (نیوزڈیسک )بھارتی بحریہ نے ایک اہم سنگ میل قائم کرتے ہوئے گزشتہ تین دہائیوں میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ گیارہ روایتی آبدوزوں کو آپریشنز کے لیے تعینات کیا ہے۔ بھارتی آن لائن نیوز پیپر ’دا پرنٹ‘ نے بھارتی بحریہ میں تقریباً ایک چوتھائی صدی سے خدمات انجام دینے والے ایک اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلاشبہ واقعی یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ جرمن ٹی وی رپورٹ کے مطابق ،مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ میں نے جب سے بھارتی بحریہ میں شمولیت اختیار کی ہے، میں نے اتنی زیادہ بیک وقت تعیناتی نہیں دیکھی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ بھی تھی کہ ہمارے پاس آپریشنز کے لیے اتنی آبدوزیں نہیں تھیں جب کہ بحری بیڑے کی طاقت کو کئی مرتبہ مرمت یا دیگر وجوہات کی وجہ سے نقصان پہنچا۔