لاہور(نمائندہ جنگ) بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے کہا ہے کہ بہت سے اوور سیز پاکستانی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن اپنے سرمائے کی حفاظت کیلئے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے گارنٹی چاہتے ہیں، اگر ایسا ہوا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیگا، ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز ملنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دنیا بھر سے اب تک دس بڑے سول اعزازات سے نوازا جا چکا ہوں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ارب پتی اوورسیز پاکستان آکر کاروبار کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ یہاں کی مشکلات سے خوفزدہ ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سہولیات فراہم کرے، ہم بڑی محنت سے پیسے کما کر پاکستان لاتے ہیں لیکن یہاں ہماری جائیدادوں پر قبضہ کرلیا جاتا ہے۔