کرا چی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کو ڈاکووں کی جنت بنادیا ہے ، ایم کیو ایم نے کراچی میں لوٹ مار کے دوران بے گناہ افراد کی ہلاکت پر عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کردیا،مرکزی ایڈہاک کمیٹی نےکہا ہے کہ میٹروپولیٹن شہر کو سندھ کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران کے حوالے کردینا مجرمانہ غفلت ہے، ایسے حالات میں کمیونٹی پولیسنگ ناگزیر ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں وفد نے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان عبد الرحمٰن کےاہل خانہ سے ملاقات کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم سول نافرمانی کی بات نہیں کررہے، اپنا حق مانگ رہے ہیں،رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 50سے زائد نوجوانوں کو خون میں نہلا دیا گیا۔اس واقعے کی سخت مذمت کرتا ہوں صوبائی حکومت شہر میں امن کی ذمّہ دار ہے اور امن و امان قائم رکھنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ان واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،چیف جسٹس اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتاہوں کراچی میں بدامنی لوٹ مار کا نوٹس لیں اگر شہر میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد چیف منسٹر ہاؤس کاگھیراؤ کریں گے۔