راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان اور دیگر کے ہمراہ راولپنڈی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سے قراقرم تک دہشت گردوں کے حملے یہ ثابت کرنے کیلئے کافی ہیں کہ یہ مہم پاکستان چین تعلقات میں خرابی اور سی پیک کو ناکام بنانے کی مذموم سازش کا حصہ ہے جس میں پاکستان دشمن قوتیں کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر اب تک 25ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں‘ گوادر میں تقریباً 90 منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے‘ سی پیک دوسرے فیز میں اکنامک زون گوادر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تکمیل اور قومی ریلوے لائن ایم ایل ون پر کام شروع ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے ایپکس کمیٹیوں کو فوری فعال کیا جائے ۔ افغان اور غیر قانونی تارکین کا انخلاء ضروری ہے۔ سفارتی سطح پر پاکستان‘ ایران‘ افغانستان مل کر دہشت گردی کی لعنت کیخلاف تعاون کریں۔