پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 14 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جبکہ ضبط شدہ گوشت کو سرکاری نرخ 740 روپے فی کلو نیلام کردیا۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 14 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا جن میں آٹھ سٹور مالکان‘ تین قصاب‘ اور ہائپر سٹار کے منیجر سمیت دیگر فوڈ پوائنٹس مالکان شامل ہیں۔ محکمہ خوراک کے افسران کے مطابق ہائپر سٹار میں گوشت کو فی کلو گیارہ سو روپے بیچا جا رہا تھا جس پر افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گوشت کو ضبط کرلیا اور سرکاری نرخ پر نیلام کردیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے والوں کیساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہری و دیہاتی علاقوں میں سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔