• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصفہ بھٹو نواب شاہ سے ضمنی انتخابات میں بلامقابلہ کامیاب، زرداری 2 مرتبہ اس نشست پر کامیاب ہوچکے

نوابشا ہ ،اسلام آباد ( انور شیح ، فارو ق اقدس) صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں۔ 

سات امیدواروں کے کاغذات مسترد، تین نے واپس لے لئے، صوبائی وزیر داخلہ نے حلقے سے آزاد امیدوار کی گرفتاری کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض مشہوری اور سپورٹ کیلئے الزام اور بہتان تراشی سے گریز کیا جائے۔

 تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں۔ 

ان کے مقابلے 7 امیدوروں کے کاڈذات نامزد گی مسترد جبکہ تینوں امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے ، یہ نشست صدر آصف علی زرداری کے الیکشن جیتنے کے بعد مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی، نواب شاہ کی اس نشست کو بھٹو خاندان کی آبائی نشست سمجھا جاتا ہے اور آصف علی زرداری دو مرتبہ اس نشست پر کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ ان سے قریبی نسبت رکھنے والے ان کے خاندان کے افراد بھی ماضی میں اس نشست پر کامیاب ہوچکے ہیں اور اب آصفہ بھٹو اس نشست سے کامیابی کے بعد اپنی پارلیمانی سیاست کا آغاز کریں گی۔

 آصفہ بھٹو نے اپنی انتخابی سیاست کا آغاز لاڑکانہ میں اپنے بھائی بلاول بھٹو کی انتخابی مہم میں شرکت کرکے کیا تھا قبل ازیں وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیراہتمام ملتان میں ہونے والے جلسہ عام سے بھی خطاب کرچکی ہیں جبکہ لانگ مارچ کے دوران وہ ڈرون کیمرے کی زد میں آنے کے باعث زخمی بھی ہوگئیں تھیں اور ان کی آنکھ پر چوٹ آئی تھی۔ 

واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری آصف بھٹو کو خاتون اول کی حیثیت دینے کا ارادہ پہلے ہی ظاہر کرچکے ہیں امکانی طور پر آصفہ بھٹو آئندہ ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی تو ممکنہ طور پر انہیں خاتون اول کا پروٹوکول بھی ملے گا اور قومی اسمبلی کے ایوان میں وہ اپنے بھائی بلاول بھٹو کے ساتھ ایوان کی سرگرمیوں میں شامل ہوں گی۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ آر او شیر علی جمالی نے بتایاکہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل نہیں کی۔

 سردار شیر محمد رند عام انتخابات میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔

 باقی 3 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب قرار پائی ہیں۔ 

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 نوابشاہ سے آصف زرداری کامیاب ہوئے تھے تاہم صدر مملکت منتخب ہونے کے بعد ان کی نشست خالی ہوئی تھی۔ 

آصف زرداری کی خالی نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کو پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید