ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے 2 اپریل کو سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ سینیٹ انتخاب میں 59 امیدواران مد مقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، بیلٹ پیپرز کی طباعت اور ریٹرننگ افسران کو الیکشن میٹریل کی ترسیل کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 خالی نشستوں پر انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن پروگرام کا نوٹیفکیشن 14 مارچ کو جاری کیا۔
الیکشن شیڈول کے مطابق 9 ٹیکنو کریٹ / علماء اور 2 غیر مسلم کی نشستوں پر انتخاب 2 اپریل کو ہونا ہے۔
سینیٹ انتخاب کے لیے کل 147 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کی حتمی لسٹ جاری کردی ہے، 18 امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ پنجاب کی 7 جنرل نشستوں، بلوچستان کی 7 جنرل نشستوں، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ/ علماء کی نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔
2 اپریل کو سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب ہوگا، اسلام آباد کی 1 جنرل ، 1 ٹیکنو کریٹ نشست پر 2 اپریل کو انتخاب ہو گا۔پنجاب کی 2 خواتین ، 2 ٹیکنو کریٹ /علماء، 1 غیر مسلم پر انتخاب ہوگا۔
سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین، 2 ٹیکنو کریٹ/علماء، 1 غیر مسلم نشست پر انتخاب ہوگا۔ خیبر پختونخوا کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ کی نشست پر انتخاب ہوگا۔