کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کو ہرنیا ہوگیا۔ اتوار کی رات کو دیر سے ان کا آپریشن کیا گیا۔ یہ صورتحال ایک ایسے وقت پیدا ہوئی ہے جب اسرائیل غزہ میں حماس کیخلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ایک سال قبل ہی انہیں دل کی دھڑکن متوازن رکھنے کیلئے پیس میکر نصب کیا گیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو کے معمول کے چیک اپ کے دوران ہرنیا کا انکشاف ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنرل انستھیسیا کے تحت ان کا آپریشن ہوگا، جس کے بعد وہ ایک پریس کانفرنس کریں گے۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ آپریشن اتوار کی شام اسرائیل کی جنگی کابینہ کے اجلاس کے بعد ہوگا اور نیتن یاہو کی سرجری کی جائے گی۔ جس وقت ان کا آپریشن ہوگا اس وقت اطلاعات تھیں کہ ہزاروں اسرائیلی شہری نیتن یاہو حکومت سے مایوسی کا اظہار کرنے اور ان سے مستعفی ہونے پر زور دینے کیلئے ریلی نکالیں گے۔ جب تک نیتن یاہو کا آپریشن ہوگا اس وقت تک وزیر انصاف یوری لیوین (جو نائب وزیراعظم بھی ہیں) قائم مقام وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔