اسلام آباد (محمد صالح ظافر) قومی اسمبلی کے تقریباً ایک درجن ارکان جو کراچی سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونے کے لئے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد آنے کی غرض سے کراچی ہوائی اڈے پر اتوار کی دوپہر پہنچے تھے، رات دس بجے کے بعد اپنی منزل پر پہنچ سکے۔
اس اجمال کی تفصیل یوں ہے کہ پی آئی اے کا طیارہ پرواز سے پہلے فنی خرابی کا شکار ہوگیا اور مسافروں کو ہر آدھ پون گھنٹے بعد یقین دلایا جاتا رہا کہ جہاز تقریباً ٹھیک ہوگیا ہے اور وہ جلد ہی پرواز کرجائے گا۔
رکن قومی اسمبلی کمیل داس کوہستانی کے مطابق شام ہوجانے کے بعد اعلان ہوا کہ مسافروں کو اسلام آباد لے جانے کے لئےدوسرا طیارہ منگوایا گیا ہے۔
اسی دوران افطاری کا وقت ہورہا تھا، مسافروں کو پی آئی اے سے توقع نہیں تھی کہ وہ اپنے مہمانوں کو افطاری بھی ڈھنگ سے کراسکے گی ۔