پاکستانی قاری حافظ محمد ابو بکر نے مقابلہ حسن قرأت اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کربلا میں حرم حضرت عباسؓ کے زیر اہتمام رمضان المبارک بہار قرآن کی مناسبت سے بین الاقوامی العمید تلاوتِ قرآن ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا۔
حرم حضرت عباسؓ کی قرآن اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی العمید تلاوتِ قرآن ایوارڈ کے مقابلہ حسن قرأت میں پاکستانی قاری حافظ محمد ابو بکر نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس مقابلے میں 21 اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے قرآء نے شرکت کی تھی۔
یہ مقابلہ مختلف مراحل پر مشتمل تھا، اس کا آغاز 2 مارچ 2024 سے ہوا تھا۔
بڑوں اور بچوں کی الگ الگ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل اور فائنل کا مقابلہ ہوا اور بچوں میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے قاری محمد ابو بکر نے تلاوت قرآن کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ احمد حسن حمزہ (عراق) اور یاسین غلامی (ایران) بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اس کے علاوہ بڑوں کے مقابلہ حسن قرات میں عراق سے تعلق رکھنے والے احمد جمال الرقبی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب محمود السید عبداللہ (مصر) اور مہدی رحمت اللہ تقی پور (ایران) نے حاصل کی۔
فاتحین کو حرم حضرت عباسؓ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن جناب سید لیث موسوی نے اعزازی شیلڈز اور مالی انعامات سے بھی نوازا ہے۔
واضح رہے کہ حرم حضرت عباسؓ کی قرآن اکیڈمی کے متنوع پروگراموں اور مختلف قرآنی سرگرمیوں کا مقصد اللہ کی مقدس کتاب کی تلاوت کی ترویج اور دنیا بھر میں اس کے ایمانی اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
مقابلہ العمید میں تلاوتِ قرآن کا عالمی ایوارڈ عراق میں اپنی نوعیت کا پہلا مقابلہ ہے اور اس میں 21 ممالک کے قرآء نے شرکت کی۔