• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش میں انڈین مصنوعات کیخلاف اپوزیشن کی ’’انڈیا آؤٹ‘‘ احتجاجی مہم

اسلام آباد (فاروق اقدس) بنگلہ دیش میں انڈین مصنوعات کے خلاف اپوزیشن کی ’’انڈیا آؤٹ‘‘ احتجاجی مہم، وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کی بیویوں کے پاس کتنی ساڑھیاں ہیں؟ وہ انہیں آگ کیوں نہیں لگا رہے، بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد بھارت کی محبت میں اتنی آگے نکل گئی ہیں کہ انہوں نے بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیاء کی بھرمار کے خلاف بنگلہ دیش میں چلائی گئی مہم ’’انڈیا آؤٹ‘‘ کے خلاف اپوزیشن کے راہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے ملک کے وقار اور جذبہ حب الوطنی کی بھی پروا نہیں کی۔ واضح رہے کہ اس مہم کے دوران اپوزیشن کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے راہنما روحل کبیر رضوی نے علامتی احتجاج کے دوران انڈیا کی بنی ہوئی شال سڑک پر پھینک دی تھی جس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے جو رہنما انڈین مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں انہیں یہ بتانا ہوگا کہ ان کی بیویوں کے پاس کتنی انڈین ساڑھیاں ہیں اور وہ انہیں آگ کیوں نہیں لگا رہی ہے۔ انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق حکمران عوامی لیگ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حسینہ واجد نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنماؤں کو کہا کہ ’میرا سوال یہ ہے کہ ان کی بیویوں کے پاس کتنی انڈین ساڑھیاں ہیں؟ اور وہ اپنی بیویوں سے ساڑھیاں واپس کیوں نہیں لے رہے ہیں اور انہیں آگ کیوں نہیں لگا رہے ہیں؟ ۔
اہم خبریں سے مزید