اسلام آباد (صالح ظافر) ایران کا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں بڑی پیشرفت کا دعویٰ، ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 73 سال بعد دو باضابطہ سرحدی گزرگاہوں کو کھولنا، پاکستان کو 200 میگاواٹ بجلی کی برآمد، تجارتی حجم میں ڈھائی ارب ڈالرز تک کا اضافہ گزشتہ سال کی کامیابیوں میں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغادم نے دعویٰ کیا ہے کہ غیر قانونی پابندیوں کے باوجود گزشتہ ایک سال کے دوران ایران کے پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور تجارتی تعلقات کے مختلف پہلوؤں میں اور ثقافتی، سائنسی، دفاعی اور سلامتی سمیت تعاون کے دیگر شعبوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ وہ منگل کو ڈپلومیٹک انکلیو میں اپنے سفارتخانے میں افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں اقتصادی میدان، تجارت، توانائی اور سیاحت میں موجودہ صلاحیتوں اور امکانات کے استعمال کو ترجیح دی جائے۔