اسلام آباد(جنگ نیوز)سپریم کورٹ کے ججز کو دھمکی آمیز خط موصول ہونےکا معاملے پر تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔تھانہ سی ٹی ڈی میں سپریم کورٹ آر اینڈ آئی برانچ انچارج کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات 7اے ٹی اے اور 507کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق عام ڈاک موصول ہوئی جو متعلقہ جسٹس صاحبان کے سیکرٹریز کو وصول کروائی گئی۔ ایڈمن انچارج نے 3 اپریل کو بذریعہ فون بتایا کہ ان لفافوں میں سفید پاؤڈر نما کیمیکل موجود ہے۔ایف آئی آر کے مطابق 3 خطوط گل شاد خاتون پتہ نامعلوم اور ایک خط سجاد حسین پتہ نامعلوم کی طرف سے بھیجا گیا۔خطوط کے ذریعے خوف ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اسلام آباد سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو بھجوائےگئے خطوط کی تفتیش کر رہی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو خطوط ایک ہی جگہ سے بھیجےگئے۔ خطوط سب ڈویژنل پوسٹ آفس سیٹلائٹ راولپنڈی سے بھیجےگئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خطوط پر اسٹیمپ سب ڈویژنل پوسٹ آفس سیٹلائٹ ٹاؤن کی ہے۔