اسلام آباد ( صالح ظافر) وزیر اعظم شہبازشریف ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔
اعلیٰ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم جدہ میں اپنے قیام کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ان کے دورے کے شیڈول کو آج حتمی شکل دی جائے گی۔ چند اہم وفاقی وزرات اور دیگر اہم عہدیدار بھی ان کیساتھ اس مقدس سفر پر جائینگے۔
وزیراعظم دو دن کیلئے سعودی عرب میں ٹھہریں گے اور وہاں اہم ملاقاتیں کرینگے۔
ذرائع نے باور کرایا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہدکو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم اور ان کا مختصر ساطائفہ خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب پہنچے گا۔
شہبازشریف آج لاہور میں نوازلیگ کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دورے سے متعلق گفتگو کی جائے گی۔
بطور وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اپنے وطن واپس جارہے ہیں اور وہ اس دورے کے دوران اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔