• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں امن و امان کی صورتحال سے مطمئن نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے لئے مجرموں کا ایک گروہ متحدہ عرب امارات سے اپنا نیٹ ورک چلاتا ہے اور بے گناہ لوگوں کو تاوان کے لیے اغوا کرانے میں ملوث ہے،یہ بات پیر کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت شہر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس پولیس حکام کو ہدایت کہ وہ شہر بھر میں آج اور کل( پیر اور منگل )کو سکیورٹی بڑھائیں اور نگرانی سخت کریں میں چاہتا ہوں ہر لحاظ سے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ شہر میں امن و امان کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ پولیس سخت محنت کر رہی ہے لیکن ہاٹ سپاٹ مقامات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے جہاں جرائم کی شرح زیادہ ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ ایسے تھانوں کو چوکس رکھا جائے جہاں جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ شہر میں جرائم کی شرح یومیہ 166 کیسز ریکارڈ کی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلدیہ سے دو مغوی افراد کی کامیاب بازیابی پر سٹی پولیس کی تعریف کی۔انہوں نے پولیس فورس میں لگن اور محنت کے اس جذبے کو پروان چڑھانے کی دلی خواہش کا اظہار کیا تاکہ ہمارا یہ میگا سٹی پُرامن اور پُر آسائش بن سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، ڈی آئی جی مقدس حیدر اور دو مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم نے شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید