کراچی (این این آئی)کراچی سمیت سندھ کے بیشتر مقامات پر عیدالفطر کے ایام میں گرمی رہے گی جبکہ14اپریل سے بارش کا امکان ہے۔ موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق سندھ کے بیشتر مقامات پر گرمی بڑھ رہی ہے، 12اپریل تک صوبے بھر میں موسم گرم رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں کراچی میں درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا ہے کہ 12اپریل کے بعد گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، 13یا 14 اپریل سے مغربی ہوائیں ملک کے بیشتر مقامات پر بارشوں کا باعث بنیں گی۔ کراچی میں بھی 14 اپریل سے بارش کا امکان ہے، یہاں ہلکی سے معتدل شدت کی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ملک بھر میں رواں سال اپریل میں معمول سے زائد بارشیں ہو سکتی ہیں۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ 22 یا 23 اپریل تک مزید مغربی سسٹم ملک میں بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں، کراچی میں بھی 22 یا 23 اپریل تک بارش کا امکان رہے گا۔