• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت نے شہریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، حافظ نعیم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ شہر میں ڈاکو راج قائم ہے، سندھ حکومت اور محکمہ پولیس نے شہریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،حافظ نعیم الرحمٰن نے گزشتہ روز سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی واردات میں مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہید ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن شیر عالم اور کارکن ذاکر عباسی کے گھروں کا دورہ کیا، شیر عالم کے صاحبزادے محمدعارب، ذاکر عباسی کے والد ابراہیم عباسی اور بھائی جے آئی یوتھ ضلع سائٹ غربی کے ڈپٹی سیکریٹری ناصر عباسی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ شیر عالم جماعت اسلامی کیماڑی کے امیر فضل احد کے چچا سسر تھے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ڈکیتی و قتل کی اس واردات کی شدید مذمت کی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے جرائم کی روک تھام، مسلح ڈکیتیوں کو کنٹرول کرنے میں سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی مکمل ناکامی و نا اہلی کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ صرف رمضان المبارک میں مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں 20شہری اور رواں سال 60افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی زندگی گنوا چکے ہیں۔ شہر میں ڈاکو راج قائم ہے، سندھ حکومت اور محکمہ پولیس نے شہریوں کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ اور اعلیٰ پولیس حکام عوام کی جان و مال کے تحفظ کے بجائے کراچی میں جرائم کی وارداتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کر نے کے بیانات دے کر کراچی کے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں، جرائم و ڈکیتی کی بہت سی وارداتوں میں خود پولیس والے ملوث پائے گئے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید